مجھے اطمینان کہاں سے ملے گا

ہر کیریئر کی خوبیاں اور خامیاں تو ہوتی ہی ہیں مگر ہر جاب یا ملازمت کے بھی فوائد اور نقصانات ہوتے ہیں۔ یہ ہر فرد کے لیے الگ الگ ہیں۔ بعض جابز کی تنخواہ اور مالی فوائد بہت ہوتے ہیں۔ بعض بہت مستحکم ہوتی ہیں، بعض بہت عزت اور احترام والی ہوتی ہیں اور بعض کے کام اور اوقات کار میں بہت لچک ہوتی ہے۔ بہر حال ، دیکھنا یہ ہے کہ  آپ کے لیے کونسا کیریئر یا پھر جاب حقیقت میں اطمینان بخش ہے۔

ہر فرد کے لیے ایک ہی طرح کی چیزیں اہم نہیں ہوتیں۔ ایک ہی کیریئر ہوگا مگر ہر فرد اس سے الگ الگ مقاصد حاصل کرنا چاہے گا۔ ایک فرد ایم بی بی ایس کرکے دولت چاہتا ہے جبکہ دوسرا انسانیت کی خدمت۔ تو دراصل یہ خوشی اور اطمینان مکمل طور پر ذاتی نوعیت کا معاملہ ہے۔

لہٰذا آپ کیریئر شروع کررہے ہیں یا آپ شروع کرچکے ہیں یا مِڈ کیریئر میں ہیں آپ کو اپنی ترجیحات ، ضروریات، حالات اور ذاتی  خوبیوں اور کمزوریوں کو سامنے رکھ کر اپنے لیے زندگی کا خاکہ بنانا چاہیے تاکہ آپ اپنا کام اور زندگی کی دوسری مصروفیات میں بہتر ہم آہنگی پیدا کرسکیں۔ یہی چیز آپ کو اطمینان بھی دے گی اور عمر بھر آپ اپنے کام سے تھکیں گے بھی نہیں۔

میں یہاں چند ایک ان عمومی وجوہات کا ذکر کر رہا ہوں جو میرے مشاہدے اور مختلف ریسرچ میں سامنے آئیں ۔ آپ پڑھیں ، سمجھیں ، سوچیں اور اپنے لیے بہتر فیصلہ کریں ۔

دولت یا مالی فوائد

پیسہ ہر فرد کی ضرورت ہے۔ کام کرنے کی سب سے بنیادی وجہ ضروریات زندگی پوری کرنے کے لیے پیسہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ معاشرے میں عام تصور ہے کہ اگر پیسہ کھلا مل رہا ہے تو سب ٹھیک ہے مگر ریسرچ یہ بتاتی ہے کہ پیسہ یا دولت ایک حد تک عملی زندگی میں اطمینان کا باعث ہوتی ہے اس کے بعد بعض دوسری چیزیں اہم ہوجاتی ہیں۔ بہرحال مالی فوائد جاب یا ملازمت میں ایک اہم وجہ اطمینان ضرور ہوتی ہے۔

دباؤ اور تناؤ

ویسے تو دباؤ اور تناؤ ہر آفس میں اور ہر کام میں ہوتا ہے البتہ اس کی کیفیت اور شدت مختلف ہوتی ہے۔ ہماری ایک بڑی تعداد زیادہ دباؤ اور تناؤ کے ماحول کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرسکتی لہٰذا بہت سارے لوگوں  کے نزدیک اچھا کیریئر یا جاب وہ ہوتی ہے جس میں اس کی مقدار کم ہو اور کیفیت ہلکی پھلکی ہو یعنی جو شام  پانچ بجے کے بعد یاد نہ رہے۔

دوسروں کا احساس

انسانوں کی اکثریت کےنزدیک دوسروں کااحساس کرنا زندگی کو آسان بناتا ہے۔ اگر آفس کا ماحول نفسا نفسی اور دوسرے کا لحاظ کیے بغیر آگے بڑھنے اور فوائد سمیٹنے کا ہو تو انسان ایک حد تک تو چلتا ہے پھر چاہتا ہے کہ کوئی تو ہو جو لحاظ کرے، احساس کرے، مشکل میں حال پوچھے، چہرے کو دیکھ کر اندر کی کیفیت کو جانے۔ لہٰذا بہت سارے لوگ اس ماحول میں خوش رہتے ہیں اور بعض ناپسندیدہ باتوں کے باوجود کام کرتے رہتے  ہیں۔

ترقی کے امکانات

عملی زندگی یا پروفیشنل لائف میں ایک بات پہلے دن سے ہی بہت اہم ہوتی ہے کہ اس ادارے میں ترقی کے امکانات کتنے ہیں۔ ترقی کے امکانات کا دوسرا نام امید اور حوصلہ ہے جس سے آگے بڑھنے اور نئے سے نئے اقدامات سوچنے اور عملا کرنے کی ہمت ملتی ہے۔ اس سے ہی پیشہ وارانہ مہارت آتی ہے اور مالی فوائد بھی ملتے ہیں۔ اس لحاظ سے بعض لوگوں کے لیے تسلی بخش کام اور جگہ یہی ہے جہاں ترقی کے امکانات ہوں، یہ لوگ کام کے اضافے سے نہیں گھبراتے ، انہیں آگے بڑھنے کا شوق  ہوتا ہے۔ اہلیت اور قابلیت کے اعتبار سے بہت اعلیٰ مقام پر ہوتے ہیں۔

مختصر مدت کے کام

بعض لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ بس روزانہ کے معمولات کو پورا کیا جائے اور بات ختم ہوجائے۔ لمبے عرصہ تک وہ اپنے آپ کو ذہنی اور جسمانی طور پر مصروف نہیں رکھ سکتے۔ ان کی نیند خراب ہوتی ہے اور صحت بھی تباہ ہوجاتی ہے۔ لہٰذا ان لوگوں کا اطمینان روز کے روز کاموں کو ختم کرنے میں ہوتا ہے ۔ وہ بڑے کام اور پراجیکٹس کرنا پسند نہیں کرتے ہیں۔

اچھے تعلقات

دفاتر کے ماحول میں ایک اہم کشش باہمی تعلقات کا ہونا ہے۔ وہاں ذاتی دوست تو شائد کوئی ایک ہی ہوگا مگر باقی تما م لوگوں سے اچھے تعلقات ہیں۔ سب کا آپس میں ملنا ملانا بہت اچھا ہے۔ ایک دوسرے کی خوشی اورغمی میں شرکت ہے۔ تو لوگ ان تعلقات کی وجہ سے اس جگہ پر رہنا پسند کرتے ہیں۔ برعکس اس بات کے کہ اگر ہر طرف غیبت، منافقت، چغل خوری اور جھوٹ ہو تو لوگ نہیں رہ سکتے۔

ادارے کا نام اور شہرت

لوگوں کے کام کرنےکی اور مطمئن رہنےکی ایک اور بڑی اہم وجہ کمپنی، ادارے یا تنظیم کا نام اور شہرت ہے ۔ کئی بڑے ادارے میں کام کرنا لوگ باعث فخر سمجھتے ہیں خواہ وہاں کئی خرابیاں موجود ہوں۔ اس لیے کہ دوسروں کو بتانے اور معاشرتی مقام بنانے میں یہ بات اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بنیادی طور پر تجربہ حاصل کیا جاتا ہے اور آگے بڑھنے کے لیے سیڑھی بنایا جاتا ہے

ادارے کا کلچر

دیگر باتوں کی طرح بعض لوگوں کے لیے ادارے کا کلچر باعث کشش ہوتا ہے۔ اس کلچر کا مطلب ہے  عمومی ماحول  جس میں عزت، مقصد کے لیے کام کرنا، اور ہر کام ایک ضابطے اور طریقے کے مطابق ہوتا ہو۔ اس کے علاوہ بیسیوں باتیں ہیں چھوٹی بڑی جو مل کر کلچر بناتی ہیں۔ انسانی شخصیت کی کچھ خاص خصوصیات رکھنے والے لوگ اس میں خوش رہتے ہیں۔

کام کی مہارت

بعض لوگوں کے پاس کچھ خاص نوعیت کی صلاحیتیں اور مہارتیں ہوتی ہیں۔ انہیں جس جگہ ان کا بہتر استعمال ملے وہ وہیں رہنا چاہتے ہیں۔ یا اگر وہ کسی آفس میں یا دوسری جگہ پر کام سیکھ لیں تو پھر ان کا دل وہیں لگتا ہے لہٰذا ان کی تسلی اور اطمینان اسی میں ہوتا ہے کہ انہیں ان کے مطلب کا کام ملے۔

بڑی خرابیوں کا نہ ہونا

ایک اور بات یہ مشاہدے میں آئی ہے کہ بعض لوگوں کی سوچ یہ ہوتی ہے کہ بس کام کرنا ہے۔ اگر بڑی بڑی خرابیاں نہیں ہیں تو بس ٹھیک ہے  اس لیے کہ انسانی معاشرے میں کچھ نہ کچھ اونچ نیچ ہمیشہ رہتی ہے ۔ ان میں بہت زیادہ الجھنا نہیں چاہیے۔

آخری بات

اب اگر کوئی ایسا ادارہ مل جائے جہاں ان میں سے ایک دو یا کئی ایک خوبیاں موجود ہوں تو انسان کے لیے وہ نعمت سے کم نہیں ہوتا ۔ تو چاہیے کہ پوری توجہ اور دل لگا کر کام کیا جائے ۔

——————————

تحریر : یوسف الماس  — کیریئر کونسلر  اور ایجوکیشنل ایڈوائزر  ، سی ای او – ایجوویژن ، پاکستان

اپنی آراء ، تجاویز اور سوالات نیچے کمنٹس میں لکھیں

Leave a Comment

Share on facebook
Share on twitter
Share on linkedin