اے میرے رب
میں کہوں یا نہ کہوں ، اس سے تیری عظمت اور کبریائی میں کوئی فرق نہیں آئے گا ۔۔ تیری شان بے نیاز ہے ۔۔ یہ تو محض میری کمزوری اور کم مائیگی کا اظہار ہے ۔
اے میرے رب
آپ نے فرشتوں سے کہا تھا ، مجھے ایسی مخلوق چاہیے جو غلطی کرے ، گناہ کرے اور پھر پلٹ کر واپس میرے پاس آ جائے کہ ہم بھول گئے تھے ۔ ہم دنیا کے جھمیلوں میں الجھ گئے تھے ، ہم بھلا بیٹھے تھے ۔ ہم واپس آ گئے ہیں۔
اے میرے رب
آپ نے ہمیں خلیفہ بنایا تھا ، اعلی مقام دیا تھا ، عزت اور عظمت کا راستہ بتایا تھا ۔ ہم دنیا کی چکا چوند کو ہی سب کچھ سمجھ بیٹھے ۔ ہم نے عزت اور عظمت کے راستے کو چھوڑ دیا ، ہمیں احساس ہو گیا ہے ۔
اے میرے رب
آپ نے ہمیں عزیز و اقارب اور محلے داروں کے ساتھ پیدا کیا تھا ۔ ہمارے مکان تو وہیں رہے مگر ہم اجنبی ٹھہرے ۔ ہر ایک نے اپنا اپنا دائرہ بنا لیا ۔ صلہ رحمی خراب ہوئی اور سائل اور محروم کی حق تلفی ہوئی۔ ہمارے مکان گھر بن گئے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ حق تلفی نہیں ہو گی ۔
اے میرے رب
آپ نے علم دیا تھا انسانیت کے فائدے کے لیے مگر ہم نے واضح احکامات کو ایک طرف رکھ دیا اور متشابہات میں الجھ کر محض فضول بحثیں ہی کرتے رہے ۔ اپنی خواہشات کی تکمیل کے راستے نکالتے رہے ۔
اے میرے رب
آپ نے انسان بنا کر اشرف المخلوقات بنایا تھا اور واضح موقف اختیار کرنے کا کہا تھا مگر ہم نے غیر جانبداری کے پردے میں تیرے دشمنوں کا ساتھ دیا ۔
اے میرے رب
آپ نے بڑوں کا ادب اور بچوں سے پیار کا کہا تھا مگر ہم نے بڑوں کو سر بازار ذلیل کیا اور بجوں پر ظلم کیا ۔ اتنی ذلت اور ظلم شائد چشم فلک نے نہیں دیکھا ہو گا ۔
اے میرے رب
آپ نے کہا تھا میرے کنبے کا خیال رکھنا ۔ ہم نے تیرے کنبے کے ایک ایک فرد کو الگ الگ کیا اور ظلم کی چکی میں پیسا۔ ہم نے تیرے گھر کے ہر مخالف کا ساتھ دیا ۔
اے میرے رب
آپ نے کہا میری زمین پر کمزوروں کا خیال رکھنا اور ان کا ساتھ دینا مگر ہم زمین سے چمٹ کر رہ گئے ۔
اے میرے رب
کوئی شک نہیں ہم نے تیری زمین خراب کردی اور ظلم سے بھر دی ۔ انسانوں کے ساتھ دیگر مخلوقات بھی تنگ آ گئیں ۔ بچے فریاد کرنے لگ گئے ۔ ان کی معصوم باتوں پر تو ہمارا ضبط نہیں رہتا آپ تو ایک ماں سے زیادہ رحیم اور اختیارات کے مالک بادشاہ کل ہیں ۔
اے میرے رب
مجھے ان ساری باتوں کا اعتراف ہے مگر مجھے یاد ہے (آپ ہی میرے رب ہیں) ۔ میں آپ کی تعریفیں کروں کتنی کروں گا ، سمندر سیاہی اور درخت قلمیں بن جائیں تب بھی آپ کی باتیں ختم نہ ہوں گی ۔
اے میرے رب
میری غلطیوں کی وجہ سے ساری انسانیت کو تکلیف نہ دے اپنے بندوں کو نکلنے کا راستہ دے
اے میرے رب
اپنے بندوں ، معصوم بچوں اور دیگر مخلوقات کی حالت کی طرف دیکھ اور ہمارے برے اعمال کی طرف نہ دیکھ ۔
اے میرے رب
اب تو اپنی رحمت نازل فرما ، اپنی مغفرت سے نواز اور ہمیں ہر طرح کے عذاب سے نجات دے