یوسف الماس

آپ بہت ذہین ہیں ، آپ جانتے ہیں کہ آپ کو کیا کرنا ہے۔ شکوک و شبہات کے حملےتو صبح شام ہوتے ہیں۔ آپ نے اپنے آپ کو ان سے بچانا بھی ہے اور اپنی منزل کی جانب سفر کی رفتار بھی تیز کرنی ہے۔ آپ یہ بھی جانتے ہوں گے کہ یہ مضبوط لوگوں کے کام ہیں۔ دنیا کا اصول ہے کہ دل پسند کاموں میں وقت لگا کر اور حقیقت کے قریب رہ کر ہی اپنے آپ کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔

آپ ذہین ہیں ، آپ کے خواب بھی ذہانت والے ہوں گے۔ ان خوابوں میں کچھ وہ ہیں جو بہت واضح اور نمایاں ہیں ۔ آپ ان کے اثرات میں رہتے ہیں ، دل اور دماغ ہر لمحہ ان کے پیچھے چلتے ہیں ، آپ محسوس کرتے ہیں کہ بس یہی حقائق ہیں ۔  اس کے بر عکس  کچھ خواب وہ  ہیں  جو واضح اور نمایاں نہیں اور جن کی عمر رات کی تاریکی کے ساتھ ہی ختم ہوجاتی ہے۔

آپ اپنے خوابوں کی تکمیل کی خواہش دل میں لیے پھرتے ہیں۔ آپ جانتے ہیں ، اگر والدین سے پوچھوں گا کہ ” کیا یہ ممکن ہے”  وہ جواب دیں  گے کہ “نہیں” کسی استاد یا دوست سے بات کروں گا تو جواب میں مذاق اور دیگر مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ یوں یہ خواب 6 سال پرانے موبائل فون سے زیادہ جلدی شٹ  ڈاؤن ہو جاتے ہیں۔

آپ ذہین ہیں ،  ہمیں آپ کے لیے ایک ایسا راستہ تلاش کرنا ہے جو آپ کی ذہانت کو بڑھائے، تخلیقی صلاحیتوں کو  پروان چڑھائے، آپ کےفن، شوق اور جذبے کو  آگے بڑھائے۔ یہ سب اللہ کی نعمتیں ہیں جو اس نے زندگی کے سفر کے لیے زاد راہ کے طور پر آپ کی فطرت کا حصہ بنائی ہیں۔  جب آپ ان نعمتوں کی حفاظت کرلیں گےتو آپ دنیا کے ہر میدان میں کامیاب  ہوں گے۔

تھوڑا سا غور کریں، آپ کس راستے پر ہیں، کیا یہی وہ راستہ ہے جو آپ کو آپ کے دل پسند مقام تک پہنچائے گا؟ اگر وہی ہے تو آگے کا سفر کیسے ہو گا ؟ راستے کے اتار چڑھاؤ کو کامیابی سے کیسے سر کیا جائے گا ؟ اس کے لیے نئے خیالات اور تازہ نکات کو جاننے اور سمجھنے کے لیے اپنی سوچ کو کھلا رکھیں، سوچ سمجھ کر ایک راستے کا انتخاب کرلینے کے بعد اس کی تربیت، مشق اور مہارت  کا حصول بہت اہم ہے ۔  کام میں اصل خوبصورتی تو آتی ہی تربیت اور مشق کے  بعد ہے۔

آپ کی ذہانت کا مجھے اعتراف ہے مگر آپ نے کرنا کیا ہے، کب کرنا ہے، کہاں سے شروع ہوگا اور کہاں ختم ہوگا؟ آپ کو جاننا چاہیے کہ  جو کام آپ کرنے جا رہے ہیں یہ آپ سے پہلے کئی  افراد نے کیا ہوگا۔ اس شعبے میں بڑے بڑے کامیاب لوگ گزرے ہوں گے ۔ ان کی زندگی آپ کے راستے کو روشن کرے گی، مشکلات کم ہوں گی، سفر مختصر ہوگا اور آسان بھی۔ آپ چھٹیوں میں انہیں مل بھی  سکتے ہیں اور ان کی کتابوں ، بلاگ اور فیس بک سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

میں ایک عام طالب علم سے ہٹ کر آپ کی بات کررہاہوں۔ آپ کو تو زندگی کے بڑے مقامات تک پہنچنا ہے۔  یاد رکھیں کہ جن کے ارادے بلند ہوں، انہیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ معاشرے میں ہے کیا؟ اور آنے والے کل میں ہوگا کیا؟ آپ جو بھی اپنے لیے فیصلہ کریں لیکن ایک بات ذہن میں بٹھا لیں کہ ، اچھے فیصلے کے لیے اچھے اور بہترین آپشنز کا ہونا بھی ضروری ہے۔ ان آپشنز کو آپ کی شخصیت، صلاحیت ، پسند اور معاشرتی ضرورت  Demand  کے گرد گھومنا چاہیے۔

ہیرے کی تراش خراش کر کے پالش اور صفائی نہ کی جائے تو اس میں چمک نہیں آسکتی۔ ایک دفعہ چمکا لیں اور پھر روزانہ اس کا خیال نہ رکھا جائے تب بھی گندہ ہو جائے گا اور چمک مدھم ہوجائے گی۔اللہ نے آپ کو ہیرے جیسا بنایا ہے۔ آپ اپنی شخصیت کے نکھار اور صلاحیتوں کی نشوونما پر توجہ نہیں دیں گے تو زنگ آلود ہوجائیں گے۔ کسی ایجوکیشن کونسلر سے مل کر اپنی صلاحیتوں  اور مہارتوں کی تفصیلات بھی جانیں اور ان کی بہتری کے لیے مسلسل کوشش بھی کریں ۔

اپنی روایات کے امین ضرور بنیں، یہ شخصیت کی پختگی کی علامت ہے مگر کامیابی غیر روایتی انداز سے ملتی ہے۔ اپنی پڑھائی ، امتحان کی تیاری، ٹیسٹ اور انٹرویومیں غیر روایتی انداز ہی کامیابی کے ضامن ہیں۔ آپ کے ہر کام میں نیا پن ہو ۔ آپ کی انفرادیت ہی آپ کو کامیابی دلائے گی۔

آپ ذہین ہیں مگر مسلسل محنت کامقابلہ کرنا آسان نہیں ہوتا۔ جیتے گا وہی جو آخری لمحے تک حوصلہ بھی  برقرار  رکھے گا اور محنت کا حق بھی ادا کرے گا۔ جو ایک دن رکے گا وہ دس دن پیچھے جائے گا۔ اگر آپ نے اپنی ذہانت کے ساتھ ان باتوں کا بھی خیال رکھا تو ایک دن آئے گا کہ صرف آپ ہی کا نام اور مقام ہوگا۔ اس دن کے لیے میری ساری دعائیں آپ کے لیے ہیں۔

Leave a Comment

Share on facebook
Share on twitter
Share on linkedin